وبا کیخلاف پاک فوج دیگر قومی اداروں کے ہمراہ کام کررہی ہے، آرمی چیف
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج عالمی وباء کی صورتحال میں قوم کی بہتری کیلئے دیگر قومی اداروں سے مل کر اقدامات کر رہی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں بالخصوص رمضان المبارک کے دوران قوم کو سہولیات دی جائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا دورہ کیا۔جہاں پہنچنے پر این سی او سی کے کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے آرمی چیف کا استقبال کیا، جس کے بعد این سی او سی کے ڈی جی آپریشنز اینڈ پلاننگ میجر جنرل آصف محمود گورایہ نے انہیں بریفنگ دی، جس میں کورونا وباء کے متوقع پھیلاؤ، نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں افواج پاکستان کی جانب سے سول انتظامیہ کی معاونت پر بھی آرمی چیف کو آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف کو ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور قرنطینہ کی سہولیات بارے قومی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وباء کے اثرات پر قابو پانے اور ضروری دیکھ بھال کیلئے این سی او سی کے کردار کو سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کم وسائل اور محدود وقت کے باوجود این سی او سی موثر کام کر رہا ہے۔
آرمی چیف نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے، خطرات کا تخمینہ لگانے، منفی اثرات کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وباء کے صحت اور نفسیاتی و سماجی اثرات کے ساتھ ساتھ اقتصادی اثرات کا بھی اندازہ لگایا جائے تاکہ وسائل کا بہتر استعمال بروئے کار لایا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج دیگر قومی اداروں سے مل کر اقدامات کر رہی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں بالخصوص رمضان میں قوم کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،۔
Comments are closed on this story.